اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی ایئر لائن پی آئی اے انتظامیہ نے زیادہ تنخواہ یافتہ طبقے کی تنخواہوں میں عارضی کمی کا فیصلہ کر لیا۔ پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے ایک دہائی سے زائد سے مالی خسارے میں ہے اور فضائی آپریشن 10فیصد رہ گیا ہے، اسی لئے زیادہ تنخواہ یافتہ طبقے کی تنخواہوں میں عارضی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے ملازمین کے نام خط لکھا ہے، جس میں کہا کہ کرونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر ائیرلائن انڈسٹری کو 314 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا، دنیا بھر میں ائیرلائنز نے ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کیا ہے، کئی ائیرلائن نے ملازمین کو چھٹیوں پر بھی بھیج دیا ہے۔ ائیرمارشل ارشد ملک نے کہا پی آئی اے بھی ایک دہائی سے زائد عرصے سے مالی خسارے میں ہے، کرونا کے باعث مارچ 2020 سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن صرف 10فیصد رہ گیا۔ سی ای او پی آِئی اے کا کہنا تھا موجودہ حالات میں پی آئی اے نے زیادہ تنخواہ یافتہ طبقے کی تنخواہوں میں عارضی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت گروپ ایک سے چار تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں کمی نہیں کی جائے گی جبکہ ایک لاکھ سے 2 لاکھ روپے تنخواہ پر10 فیصد، 2 لاکھ سے 5 لاکھ تک 15 فیصد اور 5 لاکھ سے زائد تنخواہ پر25 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ائیرمارشل ارشد ملک نے مزید کہا تنخواہوں میں کمی سب سے پہلے سی ای او اور پی آئی اے کے محکمانہ سربراہوں نے اپنے اوپر لی، تنخواہوں میں کمی کرونا کے باعث عارضی طور کی ہے، فضائی آپریشن بحال ہوتے ہی تنخواہیں عام سطح پر بحال کردی جائیں گی۔