اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز عبداﷲ حفیظ نے کہا ہے کہ کراچی میں حادثے کا شکار طیارے کے وزنی ترین ملبہ اور انجن کو پورٹ قاسم اتھارٹی کی کرینوں کی مدد سے اٹھا لیا گیا ہے۔ ملبہ اٹھانے کے لئے رینجرز نے پورے علاقے کو بند کررکھا ہے اور تمام کام محفوظ بنایا۔ کراچی طیارہ حادثے کی جائے وقوع سے طیارے کے مشکل اور وزنی حصے اٹھا لئے گئے ہیں۔ جہاز کے پر اور انجن تکنیکی ماہرین کی موجودگی میں وزنی کرین کی مدد سے نکال لئے گئے ہیں۔ حادثے کے بعد کئی ٹن وزنی انجن تین منزلہ عمارت کی چھت پر پڑا تھا۔ ترجمان پی آئی اے کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ پی آئی اے نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی وزنی کرینیں اور دیگر مشینیں منگوائیں اور سندھ رینجرز 42 ونگ نے پورے علاقے کو سیل کر کے ملبے کی منتقلی کے عمل کو محفوظ بنایا۔
کراچی: طیارے کا انجن‘ وزنی حصے 3 منزلہ عمارت سے نکال لئے گئے
Jun 11, 2020