اسلام آباد (نیٹ نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر سوشل میڈیا پر کافی فعال نظر آتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ آئے روز خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔ حال ہی میں ایک لائیو سیشن کے دوران راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے انکشاف کیا کہ 2000 میں 6 سینئر پاکستانی کھلاڑی مجھے مارنے آئے تھے، ایک بڑا سلامی بلے باز 5 کھلاڑیوں کے ساتھ مجھے مارنے آیا تھا۔ سابق فاسٹ بولر نے بتایا کہ ان کھلاڑیوں کو مجھ سے یہ مسئلہ تھا کہ لڑکیاں اور میڈیا ہر وقت میرے پیچھے ہی پڑا رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا کے دورے پر کسی اور کھلاڑی نے لڑکی کی آبرو ریزی کی کوشش کی تھی لیکن میرا نام میڈیا پر آیا۔ شعیب اختر نے کہا کہ پی سی بی کو معلوم تھا کہ یہ کس کھلاڑی نے کیا ہے لیکن میڈیا کے سامنے انہیں بے قصور نہیں کہا گیا۔ شعیب اختر نے ہیلو ایپ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میری 15 سالہ کیریئر میں کسی سے بھی لڑائی نہیں ہوئی، صرف ایک مرتبہ میں نے غصے میں آکر محمد آصف کو بلا مار دیا تھا، آج مجھے لگتا ہے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔