اسلام آباد (اسپورٹس رپورٹر) اولیمپیئن رائو سلیم ناظم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک قومی کھیل ہاکی کے گرتے ہوئے معیار کا نوٹس لیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کھیلوں کے میدان دنیا پر حکمرانی کی ہوئی ہے، جن میں ہاکی، سکواش، کرکٹ، سنوکر اور کبڈی شامل ہیں، سب سے زیادہ ہاکی اور سکواش پر پاکستان نے دنیا پر حکمرانی کی، رائو سلیم ناظم نے کہا کہ ایک دور تھا کہ پاکستان کی دنیا میں ہاکی کے نام کے حوالے سے پہچان تھی، آج پاکستان کا قومی کھیل ہاکی کہاں کھڑا ہے حالانکہ حکومت نے ہاکی پر اربوں روپے خرچ کر رکھے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہاکی میں کھویا مقام حاصل کرنا اتنا آسان ٹارگٹ نہیں جب تک فیڈریشن کے عہدیدار نیک نیتی سے کام نہیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ہر عہدیدار نیچے سے اوپر تک ہاکی ترقی کے لئے نہیں بلکہ اپنی کرسی بچانے کے چکر میں ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ سیاست نے ہاکی کے کھیل کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور پوری ہاکی فیملی کو اس پربہت دکھ ہے انہوں نے کہا کہ ابھی بھی وقت ہے کہ اس کی ترقی کے لئے سنجیدگی سے کام کیا جائے ورانہ اس کھیل کا معیار مزید گر جائے گا۔