کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان کسٹمزنے 1610 ممنوعہ بوسٹن انجیکشن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پاکستان کسٹم سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کسٹمز جے آئی اے پی کلکٹریٹ کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن اے ایس اوکے عملے نے خفیہ اطلاع ملنے پر نجی کورئیر کمپنی کے دفتر سے سائوتھ افریقہ سے کراچی پہنچنے والے پارسل کو قبضے میں لے کر 48لاکھ 30 ہزار روپے مالیت کے 1610 ممنوعہ بوسٹن انجیکشن برآمد کر کے پارسل منگوانے والے صدر الدین نامی ملزم کو گرفتارکرلیا ہے۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کے عملے نے ملزم کو مجاز عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ حاصل کر لیا ہے اور ملزم سے مزید تفتیش کی جاری ہے۔