شہباز شریف کے کرونا پازیٹیو ہونے پر دلی افسوس، اللہ جلد روبہ صحت فرمائے: فیاض الحسن

 وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے کرونا پازیٹیو ہونے پر دلی افسوس ہے، اللہ تعالیٰ انہیں جلد روبہ صحت فرمائے۔شہباز شریف کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کورونا میں مبتلا دیگر لیگی قائدین کے لیے بھی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کا صحت مند رہنا پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے بڑا ضروری ہے، امید ہے شہباز شریف قرنطینہ کے بعد کورونا کے خلاف عملی اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ خیال رہے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ صدر پاکستان مسلم لیگ نون کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے قوم سے شہباز شریف کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا، تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہباز شریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے، یہاں تک کہ ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش کی۔عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا شہباز شریف نے نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے،شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن