ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریلوے کو منافع بخش ادارے میں بدلنا اور اسے خسارے سے نکالنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وہ جمعرات کے روز اسلام آباد میں پاکستان ریلوے کی تنظیم نو میں پیشرفت کے بارے میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے عوام کو آمدورفت کا بہترین محفوظ اور سستا ذریعہ فراہم کرتا ہے اس لئے اسے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارے کے تنظیم نو اور اس میں تبدیلی کا عمل صرف اس وقت مکمل ہوگا جب عوام خود اس تبدیلی کو محسوس کریں گے اور اس سے مستفید ہونگے۔وزیراعظم نے نجی شعبے کے تحت ریلوے کے انتظام کو سراہا اور کہا کہ پندرہ ٹرینیں نجی شعبے کو حوالے کرنے کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔
ایم ایل ون منصوبے پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ یہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اہم ترین منصوبوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے اس منصوبے کے تناظر میں ریلوے کی تنظیم نو مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسے جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے اور نجی شعبے کے ساتھ اشتراک کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں۔وزیراعظم نے مسافروں کو ٹکٹوں کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

ای پیپر دی نیشن