قومی اسمبلی :ملک بھر میں 107لیبارٹریاں، کورونا کے یومیہ46ہزار ٹیسٹ کرنےکی حامل

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ ملک بھر میں ایک سو سات لیبارٹریاں موجود ہیں جو کوروناوائرس کے یومیہ چھیالیس ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
صحت کے بارے میں پارلیمانی سیکرٹری نوشین حامد نے حزب اختلاف کے ارکان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کے مطابق جلد پچاس ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل کرلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ صرف ذاتی تحفظ کے آلات میں خود انحصاری حاصل کی بلکہ انہیں دوسرے ملکوں کو برآمد بھی کررہے ہیں۔نوشین حامد نے کہا کہ صوبوں کو ڈھائی سووینٹی لیٹر فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ہم نے مزید ایک ہزار آئی سی یو بستر بنانے شروع کردیے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف نے ملک میں کوروناوائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے وبا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے وقفے وقفے سے لاک ڈاون کی تجویز دی ہے۔
ایم ایم اے کے عبدالشکور نے کہا کہ مخصوص ایس او پیپز کے تحت سکول دوبارہ کھول دینے چاہیں. انہوں نے کہا کہ  حکومت مدارس سمیت نجی سکولوں کے عملے اور سکولوں کیلئے بھی پیکج کا اعلان کرے۔

ای پیپر دی نیشن