کاٹی کے تعاون سے طیاروںکے پرزہ جات بنائینگے، ایئر وائس مارشل ندیم اختر

کراچی (کامرس رپورٹر) ملک میں انڈسٹریلائزیشن میں کمی کے باعث پاک فضائیہ کو پرزہ جات درآمد کرنا پڑتے ہیں، اگر مقامی انڈسٹری خصوصاً کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) تعاون کرے تو مقامی سطح پر چھوٹے پرزہ جات تیار کرکے ملک میں تیار ہونے والے جنگی طیاروں اور دیگر مشینری کو کم لاگت میں تیار کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی، کورنگی کریک کے ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر وائس مارشل ندیم اختر خان، ستارہ امتیاز (ملٹری) نے کاٹی کے دورے کے موقع پر کیا۔ان کے ہمراہ پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی کورنگی کریک کے نو منتخب کمانڈنگ آفیسر ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان اور سی ای او کینٹ بورڈ کورنگی کریک عمر معصوم وزیر بھی موجود تھے،جبکہ ذکی شریف، نگہت اعوان، جوہر قندھاری،شیخ منظر عالم، احتشام الدین، فرحان الرحمان اور ایس ایم یحییٰ ودیگر نے بھی شرکت کی۔ ایئر وائس مارشل ندیم اختر خان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ چین کے تعاون سے جے ایف 17تھنڈر کامیابی سے تیار کر رہے ہیں جس میں مقامی صنعتکار چھوٹے پرزے تیار کرنے میں تعاون کریں تو طیارے پر خرچ ہونے والی لاگت کو کم کیا جاسکتا ہے، جس سے طیارے فروخت کرنے پر نہ صرف ملک کو زیادہ منافع ہوگا بلکہ انڈسٹری بھی ترقی کرے گی۔ ایئر وائس مارشل ندیم اختر خان نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ اور انڈسٹری کا ساتھ چلنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ہم سب کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ پاک فضائیہ دنیا کی واحد ایئر فورس ہے جو اپنے جنگی جہاز خود تیار کرتی ہے، دیگر فضائی افواج اپنے طیارے کمپنیوں سے خریدتے اور انہی سے دیکھ بھال کراتے ہیں، جبکہ پاکستان کی ائیر فورس اپنے جنگی جہاز جس میں جے ایف 17تھنڈر اور مشاق طیارے شامل ہیں خود تیار کرتی ہے اور ان کی دیکھ بھال بھی خود ہی کرتی ہے۔ اس سے قبل اپنے خطاب میں کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ملک کی سلامتی کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔پاک فضائیہ نے جے ایف 17تھنڈرجنگی طیارہ بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ پاکستانی جے ایف 17تھنڈر طیارہ، ایف 16سے کہیں بہتر اور دنیا کے بہترین جنگی طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان اس طیارے کو فروخت بھی کر رہا ہے۔ ایس ایم منیر کا مزید کہنا تھا کہ چند عناصر کراچی کو معاشی طور پر غیر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، اگر کراچی کو تنزلی کی جانب دکھیلا گیا تو ملک معاشی بحران کا شکار ہوجائے گا۔ حکومت اچھے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی کی شرح 4فیصد پر آنا خوش آئند ہے اور امید ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ملکی برآمدات بڑھ رہی ہیں، ترسیلات زر، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ درآمدات بھی کم ہورہی ہیں جو معاشی ترقی کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے آئندہ چند ماہ میں ملک معاشی ترقی کرکے ایشین ٹائیگر بن سکتا ہے۔ ایس ایم منیر نے خواہش کا اظہار کیا کہ بھارتی جہازوں کو مار گرانے والے پاک فضائیہ کے قومی ہیروز ونگ کمانڈر نعمان اور اسکوارڈن لیڈرحسن محمود صدیقی کو کاٹی میں مدعو کریں اور انہیں بزنس کمیونٹی کی جانب سے خراج تحسین پیش کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاٹی کے صدر سلیم الزماں نے ایئر وائس مارشل ندیم اختر خان کو کاٹی آمد پر خوش آمدید کرتے ہوئے کورنگی صنعتی علاقے کی افادیت سے آگاہ کیا۔ نہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارتوں اور کامیابیوں کا پورا عالم معترف ہے، ہمیں اپنی مسلح افواج کی غیر متزلزل ہمت اور قربانیوں پر فخر ہے۔ صدر کاٹی نے افواج پاکستان خصوصاً پاک فضائیہ کی قربانیوں اور خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ کائیٹ کے سی ای او زبیر چھایا نے کہا کہ  سکیورٹی اداروں کی کاوشوں کے بعد کراچی میں سکون قائم ہوا ہے۔ دفاعی اداروں نے ملک کی بقا اور استحکام کیلئے لا زوال قربانیاں دی ہیں۔ زبیر چھایا نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کراچی سے شروع ہوتی ہے، نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے ضروری ہے کہ کراچی میں انڈسٹریلائیزنشن کو فروغ دیا جائے۔ تقریب سے کاٹی کی ڈیفنس کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین طارق ملک نے کہا کہ ہم پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر ملک کی حفاظت کی، انہی کی بدولت ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن