اسلام آباد(کامرس ڈیسک) چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفیٹنٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت صنعتکاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ معیشت ترقی کرے محاصل بڑھیں اور بے روزگاری کم ہو،صنعتکاری ایک اہم ہدف ہے جس کے لئے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مراعات دینگے تاہم مقامی طور پر درآمدی مال کا متبادل تیار کرنے والی اور برآمدی صنعتوں کو ترجیح دی جائے گی۔ لیفیٹنٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ نے یہ بات معروف صنعتکاروں کے ایک وفد سے خصوصی ملاقات کے دوران کہی۔ وفدمیں اسلام آباد چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان،چیف کوآرڈینیٹر ملک سہیل حسین، طارق صادق ، عمیس خٹک، خالد جاوید، شیخ عامر وحید اور دیگرشامل تھے۔ لیفیٹنٹ جنرل(ر)عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ حکومت نے آئندہ بجٹ میں سی پیک منصوبوں کے لئے87 ارب روپے مختص کئے ہیں اور ہم مزید چینی سرمایہ کاری کی توقع کر رہے ہیں۔لیفیٹنٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ اسلام آباد کی صنعتی برادری کی جانب سے نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کی تجویز اور خصوصی اکنامک زور بنانے کے پروپوزل کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں جلد فیصلہ کر لیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ چین پاکستان سے زرعی شعبہ میں بھی تعاون کر رہا ہے، کپاس کے بہتر اقسام کا بیج تیار کیا جا رہا ہے جبکہ بہت سے چینی سرمایہ کار پاکستان میں کارپوریٹ فارمنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔