شدید گرمی‘ لوڈشیڈنگ‘ سکول کالج بندکئے جائیں: مریم اورنگزیب 

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) مریم اورنگزیب نے شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ میں سکول اور کالج بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران  اینڈکمپنی اپنی چوری نااہلی اور نالائقی کا ظلم معصوم بچوں پہ کر رہے ہیں۔ نواز شریف نے طلب سے زیادہ بجلی بنا کر عوام کو دی۔ موجودہ بدترین لوڈ شیڈنگ عمران مافیا کی ناقص منصوبہ بندی، بدانتظامی اور چوری کی وجہ سے ہے۔ قہر کی گرمی اور لوڈ شیڈنگ میں لوگوں کے بچے بے ہوش ہو رہے ہیں۔ عمران مافیا پہلے چیز مہنگی کرتا ہے، پھر غائب کرتا ہے۔ عمران مافیا نے چینی 52 سے 120روپے کلو کر دی لیکن پھر بھی عوام کو ملتی نہیں ہے۔ آٹا 35 سے 90 روپے کر دیا اور مارکیٹ سے غائب ہے۔ بجلی مہنگی ترین اور لوڈ شیڈنگ تاریخ کی بدترین ہو رہی ہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے سوال کیا کہ کیا عمران اور ان کے وزراء کے بچے 43 ڈگری میں بجلی کے بغیر والے سکول جا رہے ہیں؟۔ عمران  اور ان کے وزراء لوڈ شیڈنگ سے پاک ٹھنڈے کمروں میں ….. ! عوام کے بچے آگ برساتے موسم میں بجلی کے بغیر والے سکول جانے پر مجبور ….. ! نئے پاکستان میں عوام آٹے، روٹی، چینی اور اب شدید گرمی میں بجلی سے بھی محروم….! تین سال میں مافیا نے آٹا چینی دوائی مہنگائی اور چوری سے عوام کو لوٹا۔ حکومت 23 ہزار 116 میگاواٹ بجلی نظام میں موجود ہونے کا اعتراف کر چکی ہے پھر 22 ہزار 600 میگاواٹ ڈیمانڈ کیوں پوری نہیں ہو رہی؟۔ 

ای پیپر دی نیشن