لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل نے ذاتیات پر حملے کیے۔ سیاسی اور اخلاقی حدودوقیود کو پار کیا اور تار تار کیا۔ ذاتیات پر جملے کسنے اور بے بنیاد الزامات کا عملی مشاہدہ قوم نے ٹی وی پر آن سکرین دیکھا۔ پروگرام میں وقفہ کے دوران مجھے اور میرے والد صاحب کو گالیاں دیں۔ قادر مندوخیل نے مجھے ہراساں کیا اور دھکمیاں دیں۔ ایک خاتون سیاستدان کیساتھ اس طرح کی بازاری زبان قابل مذمت ہے۔ وکلاء سے مشاورت کے بعد پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا ہے۔ قانونی نوٹس جلد قادر مندوخیل کو موصول ہوجائے گا۔ ایک ویڈیو بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نجی ٹی وی نے اینگلنگ کی اور تصویر کا ایک رخ سامنے لائے۔ جو ویڈیو سامنے لائے اس میں قادر مندوخیل کی گالیوں کو میوٹ کردیا گیا اور بعض جگہ آواز میں خرابی پیدا کر دی گئی۔ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے سیاست میں گند گھولا، ان میں شرم و حیا نام کی کوئی چیز نہیں۔ دریں اثناء فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ نیازی اور جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی عامر کیانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پی پی 38 کا ٹکٹ قیصر اقبال بریار کو دیا گیا۔ تینوں رہنماؤں نے قیصر اقبال بریار کو ٹکٹ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔
ذاتیات پر حملے کئے‘ قادر مندوخیل کو جلد قانونی نوٹس مل جائے گا: فردوس عاشق
Jun 11, 2021