اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) مسلم لیگ نون کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں سب سے سستی بجلی میاں نواز شریف کے دور میں لگائی گئی، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ ہے کہ ہمارے دور میں جو ایل این جی پلانٹس لگائے گئے ان سے 234 ارب روپے کا فائدہ ہوا، کوئلہ اور دیگر پلانٹس لگائے گئے، بجلی کی طلب و رسد میں 6 سو میگا واٹ کا فرق ہے اور ملک میں اس وقت 24ہزار میگاواٹ بجلی بن رہی ہے، حکومتی ترجمان بتائیں کہ کیا اس سال ڈیزل سے بجلی بنائی گئی، جس میں سے ایک پلانٹ وزیراعظم کے معاون خصوصی کا بھی ہے۔ جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں دنیا میں فرنس آئل امپورٹ زیرو ہو گئی تھی، آج پھر سے فرنس آئل کیوں خریدا جا رہا ہے اور ایل این جی کو بروقت خریدا نہیں گیا جس کی وجہ سے آج بجلی کا شارٹ فال ہو رہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بجلی کے شارٹ فال پر کوئی سرکاری اعداد و شمار ابھی تک نہیں آئے ہیں، بجلی کی کمی پر پوچھنے والا کوئی نہیں، قومی اسمبلی مفلوج ہے اور ایسے بل پاس کرانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ حکومت بجلی میں ڈاکہ ڈال رہی ہے اور اپنی نا اہلی و کرپشن سے ملک کو تباہ کر دیا ہے، لوگ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے تکلیف میں ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے اعداد و شمار کے حوالے سے خصوصی نمائندوں سے مناظرے کرنے کو تیار ہیں۔
قومی اسمبلی مفلوج، حکومت بجلی میں ڈاکہ ڈال رہی ہے، شاہد خاقان
Jun 11, 2021