آزاد کشمیر اسمبلی،انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر کا اعلان 

Jun 11, 2021

 مظفر آباد(آئی این پی )  چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر)عبدالرشید سلہریا نے اعلان کیا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے،مجموعی طور پر 32 لاکھ 20 ہزار 546 کشمیری ووٹرز  اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔  تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے گیارویں عام انتخابات کا شیڈول جاری ہو گیا ہے، اور چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر)عبدالرشید سلہریا نے اعلان کیا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کے لئے انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق آزاد کشمیر کے 33 جبکہ مہاجرین جموں کشمیر کے 12 حلقوں میں انتخابات کاانعقاد ہوگا، حالیہ انتخابات میں گزشتہ انتخابات کی نسبت 4 انتخابی حلقوں کا اضافہ کیا گیا ہے، آزاد کشمیر میں 28 لاکھ 17 ہزار 90 ووٹرز، جب کہ مجموعی طور پر 32 لاکھ 20 ہزار 546 کشمیری ووٹرز  اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹر کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار 347  اورخواتین ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 743 ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ امیدوار 21 جون شام 4 بجے تک کاغذات نامزدگی داخل کراسکتے ہیں، 26 جون تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی، 27 جون تک اعتراضات داخل کرائے جا سکیں گے، 2 جولائی تک کاغذات کی واپسی ہو سکے گی، 3 جولائی کوامیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں ہوگی، اور امیدارواں کو انتخابی نشانات 4 جولائی کو الاٹ ہوں گے۔

مزیدخبریں