لاہور/ اسلام آباد/ نارنگ منڈی/ وزیر آباد/ سرائے مغل/ نواں کوٹ/ ننکانہ صاحب/ فیروز والہ/ شیخوپورہ/ حافظ آباد/ چیچہ وطنی/ راجہ جنگ (نوائے وقت رپورٹ+ علاقائی نمائندوں سے) پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں قیامت خیز گرمی کا راج گزشتہ روز بھی برقرار رہا۔ کئی علاقوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری سے بھی تجاوز کر گیا۔ اس صورتحال میں بدترین لوڈشیڈنگ نے لوگوں کو نڈھال کر دیا۔ چیچہ وطنی ایک‘ نارنگ منڈی اور وزیر آباد میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جبکہ مختلف علاقوں کے سکولوں میں بیسیوں طلبا و طالبات بے ہوش ہو گئے۔ جس پر تعلیمی اوقات تبدیل کر کے صبح سات سے ساڑھے گیارہ بجے تک کر دیئے گئے۔ لاہور، اوکاڑہ، کمالیہ، سوہدرہ، سرائے مغل، راجہ جنگ، چناب نگر، جڑانوالہ ، حجرہ شاہ مقیم ، بھیرہ، لالہ موسیٰ، جہلم، سمبڑیال، سرگودھا، گجرات، کمیر‘ حافظ آباد‘ سیالکوٹ اور دیگر علاقوں میں شدید گرمی اور بدترین لوڈشیڈنگ سے جینا دوبھر ہو گیا۔ لاہور سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا۔ شہروں میں 5 سے 8 جبکہ دیہات میں 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن گئی۔ بعض علاقوں میں دورانیہ بارہ گھنٹے سے بھی بڑھ گیا۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ، راولپنڈی، ملتان سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں سلسلہ جاری ہے۔ لاہور کی گنجان آبادیوں میں بجلی کی بندش کا زیادہ سامنا ہے۔ لیسکو حکام کے مطابق لیسکو میں بجلی کی طلب 5 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگئی اور بجلی کی سپلائی 4 ہزار میگاواٹ کے قریب ہے۔ علاوہ ازیں صوبہ پنجاب ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ بچوں کی صحت کو درپیش صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے تمام سکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دیئے ہیں۔ اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کے اوقات کار اب صبح 7 بجے سے دوپہر 11:30 بجے تک ہوں گے۔ محکمہ موسمیات کا بھی کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچے گا۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق کرسچیئن کالونی وارڈ نمبر 21 کے رہائشی سلیم مسیح کا نوجوان شادی شدہ بیٹا چاند مسیح گرمی کی شدت برداشت نہ کر سکا جس سے اسکی موت واقع ہو گئی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی و گردونواح میں قیامت خیز گرمی کے باعث دو ضعیف العمر افراد نثار احمد اور حاجی خالد محمود جاں بحق تعلیمی اداروں میں درجن سے زائد طلبہ بے ہوش ہو گئے۔ شدت کی گرمی کے باعث بازار اور لاری اڈے سنسان ہو گئے۔ بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام کا شدید احتجاج۔ جگہ جگہ حکومت کے خلاف مظاہرے لوگ سینہ کوبی کرتے رہے۔ وزیرآباد سے نا مہ نگار کے مطابق پنجاب بھر کی طرح تحصیل وزیر آباد میں قیامت خیز گرمی رہی۔ پارہ 44ڈگری سے زائد ہونے پر2 افراد گرمی برداشت نہ کر سکے اور دم توڑ گئے۔ سکول کے بچوں سمیت درجنوں بے ہوش ہو گئے۔ نواحی گاؤں دلاور چیمہ کا رہائشی محمد ادریس رحمانی اور حاجی غلام قادر وڑائچ جسم میں پانی کی غیر معمولی کمی واقع ہونے سے جان کی بازی ہار گئے۔ اس کے علاوہ ساروکی چیمہ منڈیالہ چٹھہ اور علی پور چٹھہ میں سکول کے 14 بچے بیہوش ہو گئے۔ دوسری جانب غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے بچے بوڑھے خواتین گرمی سے نڈھال رہے۔ عوام حکومت کو بددعائیں دینے لگے۔ لوڈشیڈنگ کے باعث پانی بھی نایاب ہو گیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد شہر اور اس کے گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ عروج پر پہنچ گئی دن اور رات کے دوران کی کئی گھنٹے بجلی بند رہتی ہے جس پر شہری حکمرانوں کو کوسنے لگے۔ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب کے وکلاء نے مکمل ہڑتال کی اور احتجاجاً عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب کے صدر رائے قاسم مشتاق کھرل ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری چوہدری اسد صابر گجر، ممبر پنجاب بار کونسل چوہدری انور زاہد سرا ودیگر وکلاء نے ڈسٹرکٹ بار ننکانہ میں غیور لاء چیمبر میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کے کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔ نواں کوٹ سے نامہ نگار کے مطابق گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بھکھی میں چھٹی کلاس کا طالب علم ارسلان شدید گرمی کے باعث بیہوش ہو گیا جس کو ریسکیو 1122 نے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا جبکہ اس طرح کے کئی اور واقعات کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ طلباء و طالبات کے والدین نے حکومت سے فوری طور پر سکولوں میں عام تعطیلات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ فیروز والہ سے نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ اور فیروز والہ کے ملحقہ علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل دورانیہ لوڈ شیڈنگ کا شدید ترین سلسلہ جاری رہا۔ شکایات کے ازالے کیلئے فون سننا بھی پسند نہیں کرتے جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ جبکہ سکولوں میں بچوں کی تعداد کم رہی۔ گورنمنٹ علی عباس شہید ہائیرسیکنڈری سکول مریدکے میں کلاس ششم کا سٹوڈنٹ منصور علی گرمی اور حبس کی وجہ سے بے ہوش ہو گیا۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شیخوپورہ اور اس کے گردونواح میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ متعدد شہریوں کے بے ہوش ہونے اور حالت غیر ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ اسلام آباد سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے لوڈ شیڈنگ پر نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین حادثے سے پلانٹ کو کوئلے کی سپلائی متاثر ہوئی۔ مسئلے پر 50 فیصد قابو پا لیا۔ اڑتالیس گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گڈو اور بلوکی پاور سٹیشنز میں فنی خرابی پیدا ہوئی ہے۔
10گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ، گرمی سے 5افراد جاں بحق، سکولوں کے اوقات تبدیل
Jun 11, 2021