قصور (نمائندہ نوائے وقت) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر رکن صوبائی اسمبلی میاں مرغوب احمد کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے جائزہ اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں، ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ارشد بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عزیز انور، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثمرہ خرم، ڈی او انڈسٹریز محمد شفیق اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی‘کھاد کی سرکاری نرخناموں پر فراہمی اور آٹا کی سبسڈائز ریٹ پر فروخت کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یکم سے لیکر 9 جون تک 3654انسپیکشنز کی گئیں۔865خلاف ورزیوں پر 5لاکھ 73ہزار روپے جرمانہ‘15ایف آئی آرز جبکہ 53افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ضلع بھر میں 107کھاد ڈیلر ز کی دوکانوں پر یوریا کھاد کی 1850روپے میں بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں سبسڈائز آٹے کا 20کلو کا تھیلہ980روپے جبکہ 10کلو آٹے کا تھیلہ490روپے میں دستیاب ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی میاں مرغوب احمد نے کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں کو تمام شعبہ زندگی میں ریلیف فراہم کر رہی ہے۔
قصور : میاں مرغوب احمد کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے جائزہ اجلاس
Jun 11, 2022