لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے وفاقی بجٹ میں تمام بیجوں پر 17 فیصد سیلز ٹیکس واپس لینے کے دانشمندانہ فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں زرعی پیداوار کو بڑھانے اور غذائی عدم تحفظ کے خطرے کے تناظر میں بڑھتی آبادی کی بنیادی ضروریات پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا مشکور ہے۔ ہم خاص طور پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، جنہوں نے یہ حقیقی کیس وزیر اعظم کے سامنے رکھتے ہوئے انہیں باور کرایا کہ بیجوں پر 17 فیصد ٹیکس لگانا غریب کسانوں کیساتھ ناانصافی ہے۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ وزیر اعظم نے مہربانی کرتے ہوئے بجٹ میں یہ ٹیکس ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب بیجوں پر سیلز ٹیکس کی واپسی سے کسانوں، خاص طور پر چاول اور دیگر کاشتکاروں کو بہترین معیار کے ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج استعمال کرنے کی بھر پور ترغیب ملے گی جس سے پیداوار میں یقینی طور پر اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ٹیکنالوجی نے بہترین پیداوار کیساتھ چاول اور دیگر فصلوں میں انقلاب برپا کر دیا ہے، جس کے استعمال سے نہ صرف کسانوں کے منافع میں اضافہ ہو گا بلکہ برآمدات کو بھی فروغ ملے گا۔