پاکستان اکنامک سروے حوصلہ افزاء ہے،میاں زاہد

Jun 11, 2022

کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اکنامک سروے 22-2021 مجموعی طورپرحوصلہ افزاء اورخوش آئند ہے۔ اس میں ملک کے اقتصادی حالات اورمسائل کی درست نشاندہی کی گئی ہے اورسیاسی مخالفین پرکیچڑاچھالنے سے گریزکیا گیا ہے۔ سابقہ حکومت نے جن شعبوں میں بہترکارکردگی دکھائی ہے اس کا کھلے دل سے اعتراف کیا گیا ہے جوخوش آئند ہے۔ میاں زاہد حسین نے ایک بیان میں کہا کہ اکنامک سروے کے مطابق سابقہ حکومت نے شرح نمو کا اندازہ 4.8 فیصد لگایا تھا جواندازے سے بڑھ کر 5.97 فیصد ہوگئی ہے جس کی وجوہات کم شرح سود، مالیاتی پالیسی، مینوفیکچرنگ شعبہ اورگندم کے علاوہ مجموعی طورپرزرعی شعبہ کی بہترکارکردگی رہی۔ تاہم شرح نمو میں اضافہ کی بنیادی وجہ طلب میں اضافہ ہے جسکی وجہ سے امپورٹ بل پچھترارب ڈالر تک پہنچ گیا اورمعیشت ضرورت سے زیادہ گرم ہوگئی جسے کچھ حدتک ٹھنڈا کرنا ضروری ہوگیا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ شرح نمومیں اضافہ توہوا ہے مگریہ پائیدارنہیں ہے جبکہ پٹرول اور بجلی پردی جانے والی سبسڈی نے ملکی وسائل کوبہت نقصان پہنچایا۔ گزشتہ سال کے دوران ملکی حالات اورمہنگائی کی وجہ سے سرمایہ کاری اوربچت کا تناسب کم رہا۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں کوئی ایک سیاسی جماعت معیشت کوبہترنہیں بنا سکے گی اوراس کے لئے تمام شراکت داروں کومل کرکام کرنا ہوگا۔ میاں زاہد حسین مذید نے کہا کہ اگر اس نازک موقع پربھی سیاسی جماعتوں نے بالغ نظری کا ثبوت نہ دیا اورملک کی خاطراپنے اختلافات بھلا کرمعیشت کواستحکام بخشنے کی کوشش نہ کی توپچھتانا پڑے گا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ رپورٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ روس اوریوکرین کی جنگ نے ہماری معیشت کوکس حال میں پہنچا دیا ہے جبکہ رہی سہی کسرسیاسی عدم استحکام پوری کررہا ہے۔

مزیدخبریں