جنڈیالہ شیرخان(نامہ نگار) انجمن تاجران مدینہ مارکیٹ کے صدر فیضان شفیق خان نے کہا ہے کہ بھارت سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرکے ہمیں بے دست و پا کرنا چاہتا ہے، مثالی پاک چین دوستی پاکستان دشمن قوتوں کو برداشت نہیں جس میں دراڑیں ڈالنے کی خاطر سازشوں کے جال بچھائے گئے ، سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کے اقتصادی و معاشی تعلقات کے فروغ کا ذریعہ ہے جو پاکستان کی خوشحالی کی نوید ہے اس منصوبہ کے تحفظ اور جلد تکمیل کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہونے دی جائے، صحافیوں سے گفتگو کرتے فیضان شفیق خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی مضبوطی غریب عوام کے معاشی مسائل کے حل کا پیش خیمہ ہے جس پر توجہ دینے کی خاطر ملکی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا اور ایسا متفقہ لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا کہ جو بھی سیاسی جماعت برسر اقتدار آئے وہ اسی معاشی ایجنڈا کو آگے لیکر چلے ہر بار حکومت تبدیل ہونے پر معاشی پالیسیوں کا از سر نو نفاذ مسائل کو جنم دیتا رہا ہے۔