لاہور(سپورٹس ڈیسک)اسرائیلی شہری قطر میں ہونے والے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2022ءکے میچوں کو دیکھنے کےلئے جاسکیں گے۔ اس بات کا اعلان اسرائیلی وزرا ءنے کیا ۔انھوں کہا کہ اس اقدام سے ایک ایسے عرب ملک کےساتھ ایک نیا دروازہ کھل جائے گا جس کے ساتھ اسرائیل کے اس وقت باضابطہ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔فٹ بال کی عالمی فیڈریشن فیفا کے ساتھ کئی ماہ تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد طے شدہ اس معاہدے کا اعلان اسرائیل کے وزیرخارجہ یائرلاپیڈ، وزیردفاع بینی گینز اور وزیرکھیل چلی ٹراپرنے کیا ۔بیان میں لاپیڈ کے حوالے سے کہاگیا کہ فٹ بال اور کھیل سے محبت لوگوں اور ریاستوں کو جوڑتی ہے اور نومبرمیں ہونے والا ورلڈ کپ ہمارے لیے گرم تعلقات کا ایک نیا دروازہ کھولتاہے۔