پنجاب میں 6.6 ملین کپاس کے گانٹھوں کی پیداوار متوقع ہے، سیکرٹری زراعت


 راولپنڈی(جنرل رپورٹر )سیکرٹری زراعت پنجاب اسداللہ خان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں 3.6 ملین ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت ہوچکی ہے جس سے 6.6 ملین گانٹھوں کی پیداوار متوقع ہے۔ تمام شعبہ جات مشترکہ کوششوں سے پیداواری ہدف کے حصول کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) امتیاز احمد وڑائچ، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ) پنجاب محمد نواز میکن، ڈائریکٹر جنرل (پیسٹ وارننگ) رانا فقیر احمد، ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر، ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں تک کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی پہنچانے کیلئے شعبہ توسیع و پیسٹ وارننگ کا عملہ فیلڈ میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑا رہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ٹاسک فورس ونگ ودیگر عملہ کو فیلڈ ٹیموں کی مانیٹرنگ کیلئے ڈیوٹی لگائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کے نتیجہ میں پاکستان مشکل معاشی گرداب سے نکل سکتا ہے۔ محکمہ زراعت نے گزشتہ سال تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر محنت کی جس کے نتیجہ میں کپاس کی بحالی کا سفر ممکن ہوا۔

ای پیپر دی نیشن