دھان کی پنیری پر زنک کااستعمال پیداوار میں اضافہ کا باعث

فیصل آباد (اے پی پی)محکمہ زراعت نے دھان کے کاشتکاروں کو پیداوار میں اضافہ کیلئے زنک استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔  ماہرین نے کہاکہ دھان میں زنک کااستعمال پیداوار بڑھانے کے لئے ضروری ہے ، خاص کر ایسی زمینوں میں جہاں دھان کی فصل پہلی بار کاشت کی جارہی ہو وہاں پر زنک کی کمی وسیع پیمانے پر پائی جاتی ہے جس کو دور کرنے کیلئے پنیری پر زنک کااستعمال فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کا باعث بن سکتاہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد خالد محمودنے کہاکہ مسلسل تحقیق اور تجربات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ اگر 75 کلوگرام زنک سلفیٹ 33 فیصد فی ہیکٹر نرسری میں استعمال کیا جائے تو اس سے زنک کی کمی دور ہوسکتی ہے اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ زنک کا استعمال معاشی طور پر بھی بہت فائدہ مند ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 75 کلوگرام زنک سلفیٹ 35 فیصد ہیکٹر نرسری میں استعمال کرنے پر ایک روپیہ اضافی خرچ کرنے سے 7روپے کی اضافی آمدن حاصل ہوتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن