کراچی (نیوز رپورٹر)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان وفاقی جامعہ اردو یونٹ اور دفتر مشیر امور طلباء کے زیر اہتمام عبدالقدیر خان آڈیٹوریم وفاقی جامعہ اردو میں ''اتحاد بین المسلمین میں طلباء کا کردار'' کے عنوان سے یوم مصطفی ص کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام،نعت خواں و منقبت خواں حضرات نے شرکت کی۔ مقررین کا گزشتہ دنوں بھارتی سیاستدان کی جانب سے رسول خدا کی شان میں کی گئی گستاخی کی شدیت مزمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسلمانان عالم رسول ص کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے۔ ہمارے امن پسند ہونے کو اگر بھارت ہماری کمزوری سمجھتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔رسول اکرم ص کے خلاف بولنے والی ہر زبان کو کھینچ لیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج اتحاد بین المسلمین میں سب سے زیادہ اہم طلباء کا کردار ہے اگر مسلمانان عالم متحد ہوجائیں تو دنیا بھر کی کوئی ایسی قوت نہیں جو ہمارا مقابلہ کر سکے۔مظلوم کشمیری عوام پر کیئے جانے والے مظالم ہوں یا مسلمان مخالف قوانین کی صورت بھارت کا چہرہ آج دنیا کے سامنے آشکار ہوچکا ہے۔ مقررین میں صدر آئی ایس او کراچی محمد عابدی،معروف عالم دین مفتی فیصل، علامہ فیصل عزیزی بندگی، علامہ ناظر تقوی اور علامہ علی نقی ہاشمی شامل تھے۔یوم مصطفی کے اس پروگرام میں ملک کے معروف نعت خواں منتظر نگری، سبطین حیدر اور مہدی حسین نگری نے اپنے منفرد انداز میں بارگاہ رسالت و امامت میں نذرانہ عقیدت کے پھول نچھاور کئیے۔یوم مصطفیٰ ص کے اس تقریب میں جامعہ کے اساتذہ اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔