ساڑھے 8 ہزار عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے، ترجمان مذہبی امور

ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ گزشتہ 5 روز میں ساڑھے 8 ہزار عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے جبکہ آج 5 حج پروازوں سے 1500 سے زائد عازمینِ حج مدینہ پہنچائے جائیں گے۔ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ عازمینِ حج کو مدینہ میں 8 روز قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ کیا جائے گا، حج سے قبل 17 ہزار عازمینِ حج مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کریں گے، حج کے بعد پاکستان روانگی سے 8 دن قبل باقی 15 ہزار عازمینِ حج کو مدینہ پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 106 پروازوں پر مشتمل حج فلائٹ آپریشن 30 جون تک جاری رہے گا، مدینہ ایئر پورٹ پر مذہبی امور کا عملہ عازمین حج کی رہنمائی کیلئے 24 گھنٹے شفٹوں میں کام کررہا ہے، جدہ ایئرپورٹ پر پہلی حج پرواز 16جون کو اترے گی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی حج میڈیکل مشن کے تحت سعودی ایئر پورٹس اور رہائشی سیکٹرز میں ڈسپنسریاں قائم کر دی گئی ہیں۔مذہبی امور کے ترجمان نے کہا کہ پولیس، 1122 اور سول اداروں کے ملازمین بطور معاونین رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کا انتظام سنبھال رہے ہیں، شعبہ گمشدگی، ہیلپ لائن، حرم گائڈز، مانیٹرنگ، مکہ روانگی کا انتظام مذہبی امور کے ویلفیئر اسٹاف کے ذمے ہے۔

ای پیپر دی نیشن