لاہور (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) عسکری ٹاور پر حملہ، جلاو¿گھیراو¿ کا مقدمہ، پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہرگل خان نے سماعت کی۔ تفتیشی افسر نے معزز عدالت کو بتایا کہ یاسمین راشدگلبرگ عسکری ٹاور حملہ کیس میں ملوث ہے۔ جس پر پولیس کی جانب سے استدعا کی گئی کہ تفتیش کیلئے یاسمین راشد کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ دوسری طرف سابق وفاقی وزیر عامر ڈوگر کو 11 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ سیشن عدالت نے سڑک بلاک کر کے انتشار انگیز تقریر کرنے کے مقدمے سمیت 3 مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت 27 جون تک منظور کر لی۔ عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت پر مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ ادھر سیشن کورٹ اسلام آباد میں اسد عمر کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کیس میں درخواست ضمانت توثیق پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے جو 14 جون کو سنایا جائے گا۔ انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت پر وکلا ءکو حتمی دلائل کےلئے 15 جون کوطلب کر لیا۔ خدیجہ شاہ، عالیہ حمزہ اور دیگر خواتین نے ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق جناح ہاو¿س حملہ اور جلاو¿ گھیراو¿ کیس میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ، خدیجہ شاہ اور صنم جاوید سمیت 8 خواتین نے ضمانت کی درخواستیں دائر کر دی ہیں۔ درخواستیں انسداد دہشت گردی عدالت میں دائر کی گئیں۔ خواتین نے وکلاءکی وساطت سے ضمانت کی درخواستیں دائر کیں جس میں مو¿قف اختیار کیا گیا کہ مقدمہ میں غلط ملوث کیا گیا، ضمانت پر رہائی دی جائے۔ سابق وزیر خرانہ ڈاکٹر سلمان شاہ کی بیٹی خدیجہ شاہ کی رہائی کی درخواست سماعت کیلئے مقررکر دی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 12جون کودرخواست پر سماعت کرے گا۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے15 ملزموں کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانتوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ جج اعجاز احمد بٹر نے 15 ملزموں کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانتیں منظور کر لی ہیں اور ایک، ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا ہے۔ تحریک انصاف کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ ضلع بہاول نگر تک بھی پہنچ گیا۔ تحریک انصاف کے معروف رہنما سابق وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل بہاول نگر اور ٹکٹ ہولڈر حلقہ پی پی 240 میاں احتشام الحق لالیکا نے بھی 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر سیاست سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے تحریک انصاف کا صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ واپس کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی ساہیوال کے ضلعی صدر کو گرفتار کر لیا گیا۔ مذکورہ صدر 9 مئی کے بعد تھانہ غلہ منڈی میں درج مقدمہ میں روپوش تھے۔ اب انہیں لاہور سے گرفتار کر لیا ہے۔ دریں اثنا تھانہ غلہ منڈی نے مذکورہ صدر کو مقامی عدالت میں پیش کیا اور عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ دوسری طرف اینٹی کرپشن پنجاب نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان اور بہنوئی احد خان کی گرفتاری کیلئے لیہ میں چھاپہ مارا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن اور بہنوئی کی نواں کوٹ میں موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تاہم عظمیٰ خان اور احد خان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی چیئرمین پی ٹی آئی عثمان بزدار، عظمیٰ خان، احد خان، اور پٹواری اصغر ے کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ ملزمان پر سرکاری اور نجی زمین پر قبضے کی کوشش کا الزام ہے۔