گوجرانوالہ+ بنوں + لاہور+ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اور خیبرپی کے میں طوفان اور بارشوں نے تباہی مچا دی۔ 33 افراد جاں بحق اور 152 زخمی ہو گئے۔ خیبرپی کے کے مختلف علاقوں میں طوفان اور بارشوں کے باعث ہونے والے حادثات میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 132 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں 3 بچیاں جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔ خیبر پی کے میں 28 ہلاکتیں ہوئیں۔ خوشاب کے گا¶ں چن میں بارش کے بعد دیوار گرنے سے 3 بچیاں انتقال کرگئیں۔ لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 111 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی آندھی سے نظام زندگی متاثر ہوگیا۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بنوں میں طوفان اور بارش سے شدید تباہی ہوئی۔ جس میں بچوں اور خواتین سمیت 106 افراد زخمی ہوئے جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ حکام کے مطابق ہلاکتیں دیواریں، چھتیں اور درخت گرنے کے باعث ہوئیں، صورت حال کے پیش نظر تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جاں بحق اور زخمیوں میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔ تیز بارش اور ندی نالوں میں طغیانی کے سبب گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ بجلی منقطع ہو گئی۔ لکی مروت میں طوفانی بارشوں کے باعث دیواریں گرنے کے واقعات میں تین بچے اور ایک خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 26 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ مینگورہ شہر اور گرد و نواح میں تیز بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہوئی جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ گوجرانوالہ سمیت ریجن کے مختلف علاقوں میں جاری بارش اور تیز ہواﺅں سے گیپکو کے 100 فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کے باعث ریجن کے بیشتر علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ فیڈرز ٹرپ ہونے سے گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاو¿الدین، ملکوال، کھاریاں، ڈنگہ، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، جلال پور بھٹیاں، سکھیکی، جلال پور جٹاں، سیالکوٹ، وزیر آباد متاثر ہوئے۔ گوجرانوالہ میں طوفانی بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات میں 7 افراد زخمی ہوئے۔ ایمن آباد روڈ پر آندھی کے باعث سٹیل فیکٹری کا شیڈ مزدوروں پر گر گیا، جس کے باعث کام کرنے والے 3 مزدور زخمی ہو گئے جبکہ دھلے اور گوندانوالہ میں آندھی اور بارش سے چھتیں گرنے کے واقعات میں 7 افراد زخمی ہوئے۔ دھلے سکریپ کے گودام کی چھت گرنے سے تین جبکہ گوندانوالہ گاو¿ں میں گھر کے کمرے کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہوئے۔ لاہور میں بھی تیز آندھی اور بارش ہوئی۔ وزیر آباد سے نامہ نگار کے مطابق شدید بارش اور طوفان کے باعث وزیر آباد میں مختلف مقامات پر حادثات پیش آئے۔ سیالکوٹ روڈ پر دیوار گرنے سے صابر نامی شخص جان کی بازی ہار گیا۔ جی ٹی روڈ پر درخت گرنے سے دو افراد جبکہ محلہ صلے شاہ میں بچے زخمی ہو گئے۔ جی ٹی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کے تار ٹوٹنے سے علاقہ بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ سب سے زیادہ اموات بنوں میں ہوئیں جہاں طوفانی بارش اور آندھی کے باعث گھروں کی چھتیں گرنے اور دیواریں گرنے سے 12 افراد جان کی بازی ہار گئے اور ستر سے زائد زخمی ہوئے۔ لکی مروت اور کرک میں مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ لیسکو ریجن میں اسی فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ بیرون ملک سے آنے والی پرواز کو لاہور کی بجائے ملتان لینڈنگ کرنا پڑی۔ گوجرانوالہ میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث چھتیں گرنے سے دس افراد زخمی ہو گئے۔ ہولڈنگ بورڈز سے سکنز اتر گئیں۔ کئی مقامات پر درخت اکھڑے گئے جبکہ موسم خوشگوار ہونے سے گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔ آندھی اس قدر تیز تھی کہ ماڈل ٹا¶ن میں لوگوں کے گھروں پر لگیں پانی والی ٹینکیں گرنے کے ساتھ کئی مقامات پر درخت اکھڑے تو وہیں ہولڈنگ بورڈز سے اشتہاری سکنز بھی پھٹ کر اتر گئیں۔ موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے بنوں اور لکی مروت میں آندھی اور طوفانی بارش سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بنوں، لکی مروت کے عوام کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ یقین دہانی کراتا ہوں کہ بنوں لکی مروت کے عوام کے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔ بلاول بھٹو، آصف زرداری نے بھی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ ن لیگی کارکنوں اور قیادت کو امدادی سرگرمیوں میں ادارے کا ہاتھ بٹانے کی ہدایت کی۔ بلوچستان میں بھی بارش متاثرین بحالی کی ہدایت کی 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی این ڈی ایم اے کو کے پی کے متاثرہ علاقوں میں امداد، بحالی کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ فیصل آباد کے علاقے رضا آباد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے نوجوان چل بسا۔پی ڈی ایم کے مطابق لکی مروت، کرک، بنوں میں تیز طوفانی بارشوں اور تیز آندھی سے 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ طوفانی بارشوں سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے چار کروڑ روپے جاری کر دیئے۔ ریسکیو 1122 ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 17 مرد، ایک خاتون اور سات بچے شامل ہیں۔ بنوں میں 15 ، لکی مروت 5 ،کرک میں 4 اور ڈی آئی خان میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔
طوفان ، بارش سے تباہی: پنجاب، خیبر پی کے میں 3 بچیوں سمیت 33 افراد جاں بحق ،152 زخمی
Jun 11, 2023