لاہور (نیوز رپورٹر+سپورٹس رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سول سیکرٹریٹ میں ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ ہر ٹاسک کو پورا کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ محسن نقوی نے سرکاری ملازمین کے ترقی کے کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے حقدار ہر افسر اور ملازم کو اس کا حق ملنا چاہئے۔ سرکاری ملازمین کے پنشن کیسز اور انکوائریز کو جلد نمٹایا جائے اور عوامی فلاح و بہبود کے تمام تر ٹاسک تندہی سے سرانجام دیئے جائیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے سیکرٹریز کو عوام سے رابطے کیلئے ایک روز مختص کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایگریکلچر اور دیگر محکموں میں ریسرچ کیلےءبیرون ملک جانے کیلئے این او سی کی شرط ختم کرنے کا جائزہ لیں گے۔ افسروں اور اہلکار کو بھی ٹاسک شروع کریں تو تکمیل تک چین سے نہ بیٹھیں۔ کاٹن کی پیدوار کا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کیلئے ہر ضلع میں سیکرٹری لیول کے افسر نگرانی کریں گے۔ پنجاب کے افسروں میں کام کرنے کی صلاحیت میرے لئے باعث اطمینان ہے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے مین بلیوارڈ گلبرگ کو والٹن سے لنک کرنے کے پراجیکٹ، گلشن راوی ٹی جنکشن و بند روڈ کے توسیعی منصوبے، ملٹی لیول گریڈ شاہدرہ موڑ پراجیکٹ اور لیڈی ولنگٹن ہسپتال کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ نگران وزیر اعلی نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبو ں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ نگران وزیر اعلی نے مین بلیوارڈ گلبرگ کو والٹن سے لنک کرنے کے پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیا۔ٰ محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے متبادل ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر سٹرک کو زیادہ سے زیادہ کشادہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے شہریوں کے لئے یہ منصوبہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اس سڑک کی تعمیر سے شہریوں کو آمد و رفت میں بے پناہ آسانی ہو گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریلوے کراسنگ پر فلائی اوور بھی تعمیر کیا جائے گا۔ فلائی اوور پراجیکٹ کی لین بڑھانے کی تجویزکا جائزہ لیا گیا۔ دوسری جانب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب سمر گیمز 2023ءکے سلسلے میں خصوصی اجلاس صوبے میں پہلی مرتبہ پنجاب سمر گیمز میں 34کھیلوں کے مقابلے کرانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب سمر گیمز میں کرکٹ، ہاکی، فٹبال، شوٹنگ بال، اتھیلٹکس، سنوکر، بیڈ منٹن سمیت تمام کھیلوں کے مقابلے ہوں گے اور جیتنے والے کھلاڑیوں اور ٹیمز کو مجموعی طور پر ایک ارب 32کروڑ روپے کے انعامات دئیے جائیں گے۔ یونین کی سطح پر 12 سے 28 جولائی اور تحصیل لیول پر یکم اگست سے 10اگست تک مقابلے ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ لیول پر 16سے 20 اگست اور ڈویژنل لیول پر 26 سے 30 اگست تک مقابلے ہوں گے۔محسن نقوی نے بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ کے نواحی گا¶ں میں مبینہ طور پر ویکسین کے استعمال سے کمسن بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی جبکہ اس ضمن میں خصوصی مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔