اسلام آباد میں ای پاسپورٹ کا آغاز‘ آن لائن تجدید ہو سکے گی: رانا ثنائ

 اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ ہم ایک مضبوط اور قابل اعتماد پاسپورٹ سسٹم تیار کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ یہ سسٹم بین الاقوامی معیارات پر پورا اترتا ہے۔ ہم اپنے شہریوں کو محفوظ سفری دستاویزات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ویزہ فری سفر کی سہولت فراہم کرنے کیلئے دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو پاسپورٹ پرو سیسنگ کاﺅنٹرز، آن لائن تجدید اور اسلام آباد کیلئے ای پاسپورٹ کی سہولت کے اجرا کے موقع پر خطاب کر تے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل جی پاسپورٹ یاور حسین، چیئرمین نادرا طارق ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ ان علاقوں جہاں پاسپورٹ دفاتر کی سہولت میسر نہیں، نادرا دفاتر میں پاسپورٹ پروسیسنگ کاو¿نٹرزکے قیام کے ساتھ ساتھ اندرون ملک پاسپورٹ کی آن لائن تجدید اور اسلام آباد میں ای پاسپورٹ کی سہولت کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ای پاسپورٹ کی سہولت میں بائیو میٹرک ڈیٹا، ڈیجیٹل دستخط جیسی جدید ترین سکیورٹی خصوصیات شامل ہیں۔ ان اقدامات سے پاسپورٹ فراڈ اور شناخت کی چوری کے خطرات میں نمایاں کمی آئے گی اور اس سے ہمارے پاسپورٹ سسٹم پر اعتماد کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ای پاسپورٹ کی سہولت ابھی تک سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ تک موجود تھی مگر اب اسے اسلام آباد کے رہائشیوں کو بھی فراہم کیا جا رہا ہے اور بتدریج اس سہولت کو ملک بھر کے لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔ اندرون ملک آن لائن پاسپورٹ سسٹم کے ذریعے شہری پاسپورٹ دفاتر جائے بغیر آن لائن پاسپورٹ کی تجدید کروا سکیں گے۔ ویب پورٹل کے ذریعے شہری اپنی درخواستیں جمع کرنے کے ساتھ ساتھ مطلوبہ دستاویزات بھی اپ لوڈ کر سکیں گے۔
رانا ثنائ

ای پیپر دی نیشن