آئی جی پنجاب نے شہید ایس ایچ او کی بیوہ کو گھر کی چابیاں ‘مالکانہ حقوق دیدیئے

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے شہداءپولیس کے ورثاءکی فلاح و بہبود کے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید ایس ایچ او تھانہ سٹی بھکر کے ورثا کو کیمپ آفس لاہور مدعو کیا۔ آئی جی پنجاب نے شہید ایس ایچ او سٹی بھکر سب انسپکٹر محمد حیات خان کی بیوہ کو گھر کی چابیاں اور مالکانہ حقوق کے کاغذات دیئے، شہید پولیس افسر کا بھائی خضر حیات، بیوہ پروین حیات، بیٹوں واصف حیات، ناصر سلطان اور حذیفہ حیات ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید ایس ایچ او محمد حیات خان کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ دنیا کی قیمتی ترین شے بھی انسانی زندگی کا نعم البدل ثابت نہیں ہو سکتی، ملک و قوم کی خاطر اپنی جان کی پرواہ نہ کرنے والے پولیس شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ آئی جی پنجاب نے شہید ایس ایچ او کی بیوہ کو پولیس میں ملازمت کی پیشکش کی، شہید ایس ایچ او محمد حیات خان کی بیوہ اور بچوں کو اسلام آباد کی سہولیات سے آراستہ ہاو¿سنگ سوسائٹی میں 7 مرلہ ڈبل سٹوری گھر دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہید کے بچوں کی اعلی تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کی فراہمی بھی یقینی بنائیں گے اور شہید کے بیٹے کو 18 سال عمر ہونے پر محکمہ پولیس میں ملازمت فراہم کی جائےگی۔ 2017 سے قبل کے پولیس شہدا کے ورثا کے گھروں اور دیگر سہولیات کےلئے انڈوومنٹ فنڈ بنا دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن