قازقستان کےجنگلات میں آگ، مرنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی

Jun 11, 2023 | 10:49

 قازقستان کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے مرنے والوں کی تعداد 14ہوگئی،آگ سے متاثرہ علاقوں سے سیکڑوں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی مشرقی قازقستان کے جنگلات میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ حکام کے مطابق آگ خشک اور گرم موسم کی وجہ سے لگی۔ آگ نے ایک لاکھ 48 ہزار ایکٹر رقبے پر تباہی مچائی جس کے بعد حکومت کی جانب سے ہنگامی حالت کا نفاذ کردیا گیا جبکہ قازقستان کے صدر نے آگ پر بروقت قابو نہ پانے اور کارکردگی دکھانے میں ناکامی پر ملک کے ہنگامی صورتحال کے وزیر کو برطرف بھی کیا۔جنگلات میں آگ سے متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران جنگل بچاؤ ٹیم کے تین ملازمین سمیت گیارہ افراد کی لاشیں ملیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے۔حکام کے مطابق چھ سو سے زائد اہلکار اور چھ ہیلی کاپٹر آگ بجھانے کی کوششوں میں شامل رہے، آگ سے متاثرہ علاقوں سے سیکڑوں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

مزیدخبریں