پی ٹی آئی خاتون رکن اسمبلی کے گھر پولیس چھاپے کیخلاف اجتجاج

 قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کو اس وقت سبکی کا سامنا کرنا پڑا جب پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ رکن قومی اسمبلی شاہد خان کے سوال کا جواب نہ دے پائے۔ پیر کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران رکن قومی اسمبلی شاہد خان نے سوال کیا کہ (ایس آئی ایف سی) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت اب تک کس قدر ملک میں بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے لیکن وزیر نجکاری اس سوال کا جواب گول کر گئے۔ رکن کی جانب سے سپیکر کو دوبارہ یاد دہانی پر وفاقی وزیر نجکاری نے گول مول سا جواب دیا۔ تسلی بخش جواب نہ ملنے پر رکن اسمبلی شاہد خان نے سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فارم 47 والے ارکان ہیں ان کو پارلیمانی امور کا علم نہیں جس پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان نے ڈیسک بجائے۔ پی ٹی آئی ہی کی خاتون رکن اسمبلی انیقہ مہدی نے اپنے گھر پر پولیس کے چھاپے پر بھرپور احتجاج کیا۔ اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر اور چار اراکین قومی اسمبلی کو انسداد دہشت گردی عدالت کے سامنے روکا گیا، کیا صوبہ پنجاب میں مارشل لاء  لگا ہوا ہے؟۔  سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے سرگودھا میں عمر ایوب خان کو روکے جانے کے خلاف ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا لیکن پھر خود ہی واک آؤٹ ختم کر کے واپس ایوان میں پہنچ گئے۔
پارلیمنٹ ڈائری

ای پیپر دی نیشن