لاہور (نوائے وقت رپورٹ) جمیعت علماء اسلام (جے یو آئی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما جے یو آئی حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ ٹیم میں بڑی سرجری کے بجائے خود ساختہ سرجن چیئرمین بورڈ مستعفی ہو۔ حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین صاحب آپ کی سلیکٹ کردہ ٹیم نے قوم کی ناک کاٹ دی ہے، خود ساختہ سرجن چیئرمین بورڈ کے ذریعے سرجری نہیں ملک و قوم کی گردن کٹے گی۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت محمود بسرا نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے فوری استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شوکت بسرا نے کہا کہ جو ظلم اور جبر ہو رہا ہے‘ اس میں محسن نقوی ملوث ہے۔ فوری استعفیٰ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈاکو راج ہے کسی کی جان‘ مال اور عزت محفوظ نہیں۔ ہمارے کارکنوں سے دہشتگردوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔
محسن نقوی/ مطالبہ
بڑی سرجری کے بجائے خود ساختہ سرجن محسن نقوی مستعفی ہوں: جے یو آئی‘ پی ٹی آئی
Jun 11, 2024