عزیز علوی
پیپلز ٹریڈرز سیل کے صدر طارق وحید بٹ نے سیاست کے ہر سرد گرم موسم کی پرواہ کئے بغیر راولپنڈی کے تاجروں کو جوڑے رکھا وہ ہمیشہ پاکستان پیپلزپارٹی کی ہر سیاسی جدوجہد کے ساتھ چلتے دکھائی دیئے راولپنڈی کی سیاست میں وہ پیپلز پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں جنرل(ر)ٹکا خان ، آغا ریاض الاسلام ،کرنل (ر)حبیب ، رشید میر ، قاصی سلطان محمود ،سابق سینیٹر سردار سلیم،انجم فاروق پراچہ ،کے بھی شانہ بشانہ رہے سیاسی تاریخ میں پیپلزپارٹی نے کئی چیلنجوں کا سامنا کیا اس کی کامیابی میں اس کے ورکروں کی محنت اور قربانیاں ہمیشہ دیگر سیاسی جماعتوں میں بھی زبان زد عام رہتی ہیں راولپنڈی کی سیاسی تاریخ میں پیپلزپارٹی کے ورکروں کی الگ شناخت ہے جس طرح سٹی ،کینٹ اور ڈویڑن کی سطح کی تنظیموں کی خدمات ہیں ان کے علاوہ یوتھ ونگ ، لیبرونگ ،لائرزونگ ، ویمن ونگ پیپلزپارٹی کی تمام سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں شریک ہوتے ہیں اسی طرح پیپلز ٹریڈرز سیل بھی پیش پیش نظر آتا ہے راولپنڈی جو بہت پاکستان کا ایک بڑا تجارتی مرکز ہے اس میں پارٹی سے وابستگی رکھتے والے تاجروں کو اثاثہ بنانے کی ہمیشہ کوششیں کی گئیں جس کیلئے پیپلز ٹریڈرز سیل ایک بڑاپلیٹ فارم بن کر سامنے آیاپیپلز ٹریڈرز سیل کوہر بازار میں منظم کرنا ایک مشکل ٹاسک رہالیکن طارق وحید بٹ نے جو یوسی لیول سے وارڈ کمیٹی کے صدر منتخب ہونے کا سفر طے کرتے پیپلز ٹریڈرز سیل راولپنڈی کے صدر کے عہدے تک پہنچے پارٹی سے اپنی 50 سالہ وابستگی کے دوران تاجر رہنماء کے طور پر شناخت بنائی ماضی میں راولپنڈی کی ہرپارٹی تقریب میں
محترمہ بینظیر بھٹو شہید پارٹی رہنماؤں اور مقامی قیادت سے عوامی مفاد سے متعلق مسائل پررائے معلوم کرتیں۔ بی بی شہید جن مقامی پارٹی رہنماؤں کو نام لے کر ان کی رائے معلوم کرتیں ان میں رشید میر ، قاضی سلطان محمود ،طارق وحید بٹ، آغا ریاض الاسلام ، خالد نواز بوبی ، زمرد خان ،انجم فاروق پراچہ ، سردار سلیم، نذر کیانی ،چوہدری افتخار ، راجہ الطاف نمایاں شخصیات ہیں ۔ پیپلز ٹریڈرز سیل کے صدر طارق وحید بٹ نے کہا کہ وہ برطانیہ کے شہر برمنگھم سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد راولپنڈی پہنچے تو اسی دن سے ہی پیپلز پارٹی سے ہی وابستگی ہے راولپنڈی کے بازار سٹی صدر روڈ ،راجہ بازار ، گنجمنڈی ، اصطبل ، بنی ، مری روڈ ، موتی بازار ، باڑہ ، کالج روڈ ، لیاقت روڈ ، سید پور روڈ ،اقبال روڈ سمیت بڑے بڑے کاروباری مرکز ہیں ہمارے خاندان سٹی صدر روڈ کے معروف کاروباری گھرانے میں شمار ہوتا ہے۔ میرے اندر شروع سے یہ جذبہ تھا کہ پیپلز ٹریڈرز سیل کے صدر کی حیثیت سے راولپنڈی میں تاجروں کی ہمدردیاں حاصل کرکے شہر میں اپنی پارٹی کے قائدین صدر آصف علی زرداری ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مقبول ترین پیپلز ٹریڈرز سیل کی کارکردگی دوں ۔آج اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ راولپنڈی میں پیپلز ٹریڈرز سیل تاجروں کا مقبول ترین سیاسی پلیٹ فارم ہے جس میں تاجران کے مسائل اْجاگر کئے جاتے ہیں یہ کامیابی دراصل تنظیم کے ساتھیوں اور تاجروں کی محنت سے حاصل ہوئی ہے۔ جس میں صدر کی حیثیت سے قید و بند اور پولیس تشدد بھی برداشت کئے راولپنڈی کی تاجر برادری کو ہمیشہ یہ اعتماد رہا ہے کہ ان کے مسائل ہمارے قائدین صدر آصف علی زرداری اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہی حل کریں گے اورانہی کی قیادت میں ہمیں معاشی ترقی اور مستحکم معیشت مل سکے گی۔ اس وقت امپورٹ ایکسپورٹ کیلئے ڈسپلے سینٹر کی سخت ضرورت ہے آئی ایم ایف کے قرضوں کی وجہ سے مہنگائی آج عروج پر ہے گزشتہ حکومت نے کڑی شرائط پر قرضے لئے جس کا بوجھ عام آدمی پر پڑا ہے۔ زراعت پر توجہ نہ دینے سے ہمیں زرعی ملک ہونے کے باوجود اجناس اور سبزیاں امپورٹ کرنی پڑتی ہیں۔ زرعی زمینوں پر ہائوسنگ سوسائٹیاں بنانا بند ہونی چاہیئں کیونکہ اس سے سرمایہ کاری مفلوج ہو کر رہ گئی ہے یہ سرمایہ کارخانوں اور چھوٹی صنعتوں پر لگتا تو پیداوار سے برآمدات بڑہتیں اورملک میںترقی اور روزگار کے مواقع کی شرح آج مختلف ہوتی۔ صدر پیپلز ٹریڈرز سیل کے مطابق یہ ہمارے لئے فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ ہماری قیادت نے ہمیشہ ہر طبقے سے پارٹی کارکنان کو حکومتی عہدوں تک پہنچایا ہے جس سے ہمارے کارکنوں کے جمہوریت کی مضبوطی کیلئے عزم و حوصلے بلند اور پختہ ہوتے ہیں۔
سرمایہ کاری مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔
Jun 11, 2024