بابراعظم نے شکست کی وجہ سست بیٹنگ کو قرار دیدیا،اگلے دونوں میچ جیتیں گے  

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف ہماری بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوئی۔ بلے بازوں نے بہت زیادہ ڈاٹ بالز کھیلیں جس کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پچ اچھی تھی لیکن گیند توقع کے مطابق بیٹ پر نہیں آرہی تھی۔ کپتان بابراعظم نے کہا کہ ہم نے میچ جیتنے کیلئے آسان پلان بنایا لیکن بدقسمتی سے اس پر عمل نہیں کرسکے۔ بلے باز پاور پلے کا بھرپور استعمال نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہدف بنایا تھا کہ ابتدائی 6 اوورز میں 40 سے 45 رنز بنانے ہیں لیکن پہلی وکٹ گرنے کے بعد ہی بلے باز لڑکھڑاگئے اور ہم اپنا ٹارگٹ پورا نہ کرسکے۔ جبکہ ابتدائی 10 اوورز میں بھی ہم اپنے پلان کے مطابق نہیں کھیل سکے۔بابراعظم کے مطابق ہم میچ جیتنے کی پوزیشن میں تھے لیکن بلے بازوں نے مڈل اوورز میں بہت زیادہ ڈاٹ بالز کیں جس کا نقصان ہمیں آخر میں ہوا۔ قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم نے آخری 10 اوورز میں بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو 119 رنز تک محدود کیا جو اس وکٹ پر زیادہ مشکل ہدف نہیں تھا، ابتدائی 10 اوورز میں ہماری بیٹنگ اچھی جارہی تھی اور وکٹیں بھی نہیں گری تھیں لیکن پھر مسلسل وکٹیں گرنے سے ہمیں نقصان ہوا۔مسلسل 2 شکستوں کے بعد ہم کوشش کریں گے کہ اگلے دونوں میچ جیت جائیں ۔

ای پیپر دی نیشن