گوجرانوالہ( نمائندہ خصوصی )جی، بی، سی کا تجارتی وفد سری لنکا کا سات روزہ کامیاب دورہ کر کے وطن واپس پہنچ گیا۔ سری لنکا میں قیام کے دوران وفد کی اہم سرکاری عہدیداران سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ جن میں سری لنکن وزیرِ خارجہ علی صابری، سری لنکن صدر کے مشیر ایچ، ایم حریس اور سری لنکن مسلم کانگریس کے قائد رئوف حکیم سے ملاقاتیں قابلِ ذکر ہیں۔ چیئر مین اکرام لون کا کہنا تھا کہ دورہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہو گا اس دورے سے ہمیں سری لنکن مارکیٹ کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا ، سری لنکا میڈ اِن گوجرانوالہ مصنوعات کے لیے موزوں تجارتی مرکز ہے۔ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی کاروباری برادری کے مابین رابطوں کو فروغ دیا جائے۔ تین اہم سری لنکن چیمبرز کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ جن میں سیلون چیمبر آف کامرس، سری لنکن چیمبر آف ٹورازم اینڈ انڈسٹری اور مائے بِز شامل ہیں، جلد سری لنکن تجارتی وفود پاکستان آئیں گے اور پاکستانی کاروباری برادری سے ملاقاتیں کریں گے ۔