سلیم ملک کا عماد وسیم پر جان بوجھ کر سست بیٹنگ کرنے کا الزام 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے عماد وسیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے یہ یقینی بنایا کہ وہ آؤٹ بھی نہ ہو اور ہدف کے تعاقب میں ٹیم کا ایوریج بھی بڑھتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور بیٹر مجھ سے یا انضمام الحق سے اگر رنز نہیں بن رہے ہوں تو ہماری کوشش ہوگی کہ آؤٹ ہوجائیں، یا کم سے کم شارٹ مارنے کی کوشش تو کریں۔سلیم ملک نے انضمام الحق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معذرت کے ساتھ مجھے یہ کہنا پڑرہا ہے کہ عماد وسیم نے ہرممکن کوشش کی کہ وہ آؤٹ بھی نہ ہو اور بعد میں آنیوالے کھلاڑیوں پر زیادہ ایوریج کی وجہ سے دباؤ بھی بڑھتا رہے۔مجھے افسوس اس بات کا ہے کہ عماد وسیم پچھلے پی ایس ایل کے بعد کہیں نہیں کھیلااور میچ کے دوران وہ مسلسل گیندیں ضائع کرتا رہاپورا اوور کھیلنے کے بعد آخری میں سنگل لے کر سامنے چلا جاتا تھا۔سابق کپتان نے کہا کہ عماد وسیم اور شاداب خان کو پروموٹ کرکے اوپر نمبر پر نہیں بھیجنا چاہیے تھا، جب عماد کو پچھلے میچوں میں باقاعدہ مواقع ہی نہیں ملے اور اس نے کہیں بیٹنگ نہیں کی تو پھر اس کو کس حیثیت سے اوپر نمبر پر بھیجا گیا۔ شاداب خان کا پھر سمجھ آتا ہے کہ پچھلے میچ میں اس نے 40 رنز بنالیے تھے اور وہ فارم میں تھا تو اس کو جلدی بھیج دیا اور پھر اس نے گیندیں بھی ضائع نہیں کیں۔

ای پیپر دی نیشن