دبئی(آئی این پی ) گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہے کہ ہتک عزت قانون میں پیپلز پارٹی کا کوئی حصہ نہیں ہے، ہتکِ عزت بل آئین کی 18 ویں ترمیم کی وجہ سے پاس ہوا۔ دبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ایم پی ایز نے ہتک عزت قانون کے موقع پر کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا اور میں نے بحیثیت گورنر بل کو روکنے کے لیے کوششیں کی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ میں نے بل پر دستخط نہیں کیے تھے، 15 دن بعد ہتک عزت بل ازخود منظور ہو جانا تھا۔ گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب ہتک عزت قانون میں پیپلزپارٹی کا کوئی حصہ نہیں ہے لیکن ہتک عزت کا قانون بننا ہی تھا، ہتکِ عزت بل 18 ویں ترمیم کی وجہ سے پاس ہوا۔ سلیم حیدر کا کہنا تھا قوانین میں ردوبدل کی گنجائش موجود رہتی ہے، وطن واپسی پر ایک بار پھر قانون کے حوالے سے افہام و تفہیم کی کوشش کروں گا۔
ہتک عزت قانون بننا ہی تھا، اس میں پیپلز پارٹی کا کوئی حصہ نہیں، گورنر پنجاب
Jun 11, 2024