شہری ہوشیار‘ سائبر کرمنل واٹس ایپ اکاؤنٹس کو نشانہ بنا رہے ہیں: ایف آئی اے

Jun 11, 2024

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایف آئی اے نے عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ شہریوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کی ہیکنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور سائبر کرمنل  بالخصوص خواتین کے اکاؤنٹس کو نشانہ بنارہے ہیں۔ فیڈرل  انویسٹی گیشن ایجنسی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں شہریوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق ان واقعات میں سائبر کرمنل خواتین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو خاص طور پر نشانہ بنا رہے ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سائبر کرمنل خواتین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرتے ہیں اور پھر ان کی ذاتی معلومات بشمول چیٹ، تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے ان کا استحصال اور بلیک میل کرتے ہیں۔ سائبر کرمنلز واٹس ایپ اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے کے لیے جدید طریقوں کا استعمال کر رہے ہیں جن میں فشنگ اور سوشل انجینئرنگ شامل ہیں۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ  حفاظتی اقدامات کر کے آپ اپنے اکاؤنٹ کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ واٹس ایپ سیٹنگز میں ٹو سٹیپ ویریفکیشن کو فعال کریں، اگر آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو فوری طور پر ایف آئی اے کی ہیلپ لائن 1991 پر رابطہ کریں یا قریبی ایف آئی اے سرکل کا وزٹ کریں۔ مناسب حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کرنے کے لیے واٹس ایپ ہیلپ سے رابطہ کریں۔

مزیدخبریں