چکوال (نامہ نگار) کلرکہار کے قریب موٹروے سالٹ رینج میں گیس والا بوذر بریک فیل ہوجانے سے بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر لائن توڑتا ہوا مخالف لاہور سمت سے آنے والی ٹویوٹا یارس کار نمبر ADA-257 کے اوپر چڑھ گیا اور دونوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کار میں سوار فیملی جس میں میاں بیوی اور ان کے 2 بچے شامل تھے جل کر جاں بحق ہوگئے۔ نعشوں کو ٹراما سنٹر کلرکہار پہنچا دیا گیا۔ کار سوار فیملی کا تعلق لاہور سے تھا اور ان میں ڈینٹل ڈاکٹر ولید جاوید ولد جاوید طوسی، ان کی اہلیہ عائشہ ولید، ان کے بیٹے ابراہیم اور ہاشم جبکہ گیس بوذر کا عملہ شانگلہ کا رہائشی تھا جن میں خیرات ڈرائیور اور اشرف ہیلپر شامل تھا۔ علاوہ ازیں شانگلہ کے علاقے مہرہ میں جیپ کھائی میں گر گئی جس سے پانچ افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔