لاہور+اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+خبر نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ناروے کے سفیر پیئر البرٹ ایلساس نے اسلام آباد میں ملاقات کی اور انھیں امیر جماعت اسلامی منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک کی سب سے زیادہ جمہوری جماعت ہے اور اس کا انتخابی نظام جمہوری اور قابل تقلید ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے تعلقات، مسئلہ فلسطین اور باہمی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی ناروے کے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے فیصلہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے یہ ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ انسانی حقوق کی بنیادوں پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، ناروے دیگر ممالک سے مل کر فلسطینیوں کی نسل کشی کو فوری روکنے کے لیے اقدامات کرے۔ انھوں نے کہا کہ تمام ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطین کی آزاد حیثیت کو تسلیم کریں۔ عالمی برادری فلسطین میں عورتوں، بچوں اور نوجوانوں کو جینے کا حق دے۔ ناروے کے سفیر پیئر البرٹ ایلساس نے امیر جماعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ناروے کی حکومت فلسطین میں قیام امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔ فلسطین میں قیام امن سے دنیا کا امن وابستہ ہے۔ دونوں اطراف میں باہم رابطے رکھنے پر اتفاق کیا۔
حافظ نعیم سے سفیر ناروے کی ملاقات: باہمی تعلقات‘ مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال
Jun 11, 2024