میاں بیوی پر زنا کا مقدمہ‘عدالت کے حکم پر خارج‘انسپکٹرسمیت 5اہلکار معطل  

لاہور(نامہ نگار)آرگنازڈ کرائم یونٹ صدر ڈویژن پولیس نے ہوٹل میں مقیم میاں بیوی پر ہی زنا کا مقدمہ درج کر دیا۔ انسپکٹر ماجد اقبال کی مدعیت میں نواں کوٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔متاثرہ شہری نے موقف اختیار کیا کہ پشاور سے لاہور شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آئے تھے،واپسی پر ہوٹل میں ٹھہر گئے‘ آرگنازڈ کرائم یونٹ کے اہلکار ہوٹل میں ٹھہرنے پر رشوت طلب کرتے رہے، جو نہ دینے پر انسپکٹر ماجد اقبال نے ہم میاں بیوی پر مقدمہ درج کیا۔عدالت نے نعمان اور شاہدہ کا نکاح نامہ دکھانے پر مقدمہ خارج کردیا۔ متاثرہ میاں بیوی نے ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ ڈی آئی جی عمران کشور نے میڈیا پر چلنے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث انسپکٹرسمیت 5اہلکاروں کو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ ڈی آ ئی جی آرگنائزڈکرائم یونٹ لا ہو ر عمران کشو ر کا کہنا ہے کہ سنگین غفلت‘غیر ذمہ دارانہ رویہ اور غیر پیشہ ورانہ طرز عمل پر افسران واہلکاروں کو فوری معطل کرکے اوسی یو ہیڈکوارٹرز کلوز کرلیا اور ان کے خلاف فوری انکوائری کا حکم دیا۔

ای پیپر دی نیشن