پشاور+اسلام آباد (بیورو رپورٹ+نمائندہ خصوصی) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کے روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار اور نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خیبرپختونخوا میں زرعی و صنعتی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وافر وسائل کے باوجود خیبرپختونخوا ملکی ترقی کی دوڑ میں پیچھے ہے، زرعی اور صنعتی ترقی میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے عوامی مسائل حل کرنا ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے تمام زیر التوا مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کو معاشی اور امن و امان کے مسائل حل کرنے میں مدد دے گی۔ دریں اثناء گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کے روز وزارت ہوابازی اسلام آباد کا دورہ کیا اور سیکرٹری وزارت ہوا بازی سیف انجم سے ملاقات کی۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈی آئی خان ائیرپورٹ کو مکمل فعال کر کے یہاں سے اندرون و بیرون ملک پروازوں کے آغاز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ائیرپورٹ ماضی میں بھی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا منافع بخش روٹ تھا۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ ڈی آئی خان ائیرپورٹ کو جلد فعال ہونا چاہئے۔