آئی جی فاریسٹ کی زیر صدارت بین المحکمہ جاتی ورکنگ گروپ کا تیسرا اجلاس

اسلام آباد(خبرنگار) انسپکٹر جنرل (آئی جی )فاریسٹ سید غلام قادر شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح بین المحکمہ جاتی ورکنگ گروپ کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے، آئی سی ٹی پولیس، پاک ایم ای ٹی ڈیپارٹمنٹ، ڈی جی ای پی اے، کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سی ڈی اے نے بتایا کہ سیناڑی ڈیرہ میں آج پونے دو بجے جنگل میں آگ بھڑک اٹھی جس پر سی ڈی اے کی ٹیموں نے تیزی سے فوری کارروائی  کی جس کی وجہ سے آ گ پرسوا دو گھنٹے میں کامیابی سے قابو پالیا گیا۔آئی سی ٹی پولیس کے نمائندے نے فورم کو تین ایف آئی آرز کے بارے میں بتایا جس میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ایک شخص جس کے خلاف مقدمہ چلایا گیا اسے ایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔پاک محکمہ موسمیات کے نمائندے نے فورم کو آگاہ کہ اگلے پانچ سے چھ دن تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور دن کے وقت درجہ حرارت میں اضافے کا رجحان ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید کی تعطیلات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے نگرانی اور چوکسی بڑھائی جائے گی۔ بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے عید کی تعطیلات کے دوران بی بی کیو اور پکنک کے لیے دو مقامات بشمول لیک ویو پارک اور لوٹس پارک مختص کیے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن