کل پیش کئے جانے والے وفاقی بجٹ میں وفاق اور صوبوں کے ترقیاتی بجٹ میں ایک ہزار ارب روپے کے اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موجودہ مالی سال کا اقتصادی سروے آج پیش کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق آئندہ مالی سال معاشی شرح نمو کا ہدف 3.6 فیصد ، زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف 2 فیصد جبکہ صنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف 4.4 فیصد اور بڑی صنعتوں کی شرح نمو کا ہدف 3.5 فیصد رکھا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق خدمات کے شعبے کی ترقی کا ہدف 4.1 فیصد ، جی ڈی پی میں مجموعی سرمایہ کاری کا ہدف 14.2 فیصد ، افراط زر کا اوسط ہدف 12 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔بجٹ دستاویز کے مطابق نئے مالی سال کے لیے وفاق اور صوبے ملکر ترقیاتی منصوبوں پر 3792 ارب روپے خرچ کریں گے جو رواں مالی سال کے مقابلے میں 1012 ارب روپے زیادہ ہے.وفاقی پی ایس ڈی پی 550 ارب اضافے کے ساتھ 1500 ارب روپے جب کہ چاروں صوبوں کا سالانہ ترقیاتی پلان 462 ارب روپےاضافے سے 2095 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔دستاویزات کے مطابق صوبہ سندھ ترقیاتی منصوبوں پر سب سے زیادہ 764 ارب روپے خرچ کرے گا، پنجاب نے 700 ارب روپے، خیبر پختونخوا نے 351 ارب جبکہ بلوچستان نے 281 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا ہے۔
معاشی شرح نمو کا ہدف 3.6 ، افراط زر کا ہدف 12 فیصد مقرر ، ترقیاتی بجٹ میں 10 کھرب روپے اضافہ
Jun 11, 2024 | 18:48