ایشیاء کرکٹ کپ کےافتتاحی میچ میں پاکستانی شاہینوں نے بنگالی شیروں کی درگت بناڈالی،سنسنی خیزمیچ کے بعداکیس رنزسےہرادیا

Mar 11, 2012 | 21:14

سفیر یاؤ جنگ
میرپورکے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیشی کپتان مشفیق الرحیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد حفیظ اور ناصر جمشید نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا دونوں بیٹسمینوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ایک سو پینتیس رنز جوڑے۔ ناصر جمشید چون رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حفیظ نواسی رنز بنا کر نمایاں رہے، بعد میں آنے والا کوئی بھی پاکستانی بلے باز وکٹ پر نہ جم سکا اور اوپر تلے پویلین لوٹتے رہے، تاہم عمرگل نے جارحانہ کھیلتے ہوئے پچیس گیندوں پر انتالیس رنز بنائے۔ پاکستان نے مقررہ اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو باسٹھ رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شہادت حسین نے تین اور شکیب الحسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، دوسو ٹریسٹھ رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگالی ٹائیگرز نے پاکستانی شاہینوں کو ٹف ٹائم دیا تاہم انکی اننگز دوسو اکتالیس رنز تک ہی محدود رہی اور تمام ٹیم ہدف سے اکیس رنز قبل ہی پویلین چلتی بنی۔ اوپنرز تمیم اقبال نے چونسٹھ اور ناظم الدین نے تیس رنز کی اننگز کھیلی، ناصر حسین سنتالیس اور شکیب الحسن چونسٹھ رنز بناکر پویلین لوٹے۔ پاکستان کی جانب سے عمرگل نے تین جبکہ شاہد آفریدی، محمد حفیظ اور سعید اجمل نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ تیرہ مارچ کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائیگا۔
مزیدخبریں