کیلی فورنیا (اے پی پی) وکٹوریہ آزرینکا، سمانتھا سٹوزر، کیرولین وزنائیکی، کی اور نادیہ پیٹروا نے پری باس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے راﺅنڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ ویمنز ایونٹ کے دوسرے راﺅنڈ میں عالمی نمبر ایک بیلاروس کی وکٹوریہ آزرینکا نے سلواکیہ کی ڈینیلا ہینچووا کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی، آزرینکا کی جیت کا سکور 6-4 اور 6-1 رہا۔ عالمی نمبر چھ آسٹریلیا کی سمانتھا سٹوزر نے امریکہ کی میڈیسن کیز کو 6-3 اور 6-4 سے شکست دی۔ ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی کی نے فرانس کی الیزے کارنیٹ کو 6-4 ، 3-6 اور 6-3 سے شکست دی۔ روس کی نادیہ پیٹروا نے سوئٹزر لینڈ کی سٹیفنی کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور تیسرے راﺅنڈ میں جگہ حاصل کی۔ رافیل نڈال، راجر فیڈرر، ٹامس برڈیچ اور رچرڈ گیسکوئٹ نے پری باس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے راﺅنڈ میں جگہ بنا لی۔ دوسرے راﺅنڈ میں سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال نے امریکہ کے رچرڈ ہیرسن کو 7-6 ، (7-3 ) اور 6-2 سے شکست دی۔ عالمی نمبر دو راجر فیڈرر نے ازبکستان کے ڈینس اسٹومن کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور تیسرے راﺅنڈ کےلئے کوالیفائی کیا۔ جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیچ نے جرمنی کے مسچا زریو کو 6-2 اور 6-4 سے ہرا کر تیسرے راﺅنڈ میں جگہ بنائی۔ فرانس کے رچرڈ گیسکوئٹ نے آسٹریلیا کے برنرڈ ٹامک کو دلچسپ مقابلے کے بعد 7-6 اور 6-2 سے شکست دی۔ اسپین کے عالمی نمبر چار ڈیوڈ فیرر کو جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔