گال (آئی این پی) کپتان مشفیق الر حیم اور محمد اشرفل کے درمیان ڈبل سنچری کی پارٹنر شپ نے بنگلہ دیش کوفالو آن سے بچا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔ سری لنکا کے 570رنز کے جواب میں تیسرے روز کھیل کے اختتام تک بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں چار وکٹوں پر438 رنز بنالئے ہیں۔ تیسرے روز جب میچ ختم ہوا تو محمد اشرفل189جبکہ مشفیق الرحیم152 کے سکور پرناٹ آﺅٹ تھے، دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں261رنز بنائے ہیں۔ یہ ان دونوں کے کیرئیر کا بہترین سکور ہے۔ گال میں کھیلے جانیوالے پہلے ٹیسٹ میچ میں تیسرے روز بنگلہ دیش نے پہلی اننگز135رنز دو کھلاڑی آﺅٹ پر شروع کی تو محمد اشرفل65اور مومن الحق35کے سکور پر ناٹ آﺅٹ تھے۔ کھیل کے تیسرے روز مجموعی سکور میں 35 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد170 کے سکور پر بنگلہ دیش کو تیسرا نقصان اٹھاناپڑا جب مومن الحق55 رنزبنا کر کلاسیکرا کی بال پر اینجلو میتیھیوز کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ۔ مجموعی سکور میں سات رنز کے اضافے کے بعد سری لنکن باﺅلرز نے چوتھی وکٹ بھی حاصل کر لی،177کے سکور پر نئے آنیوالے بلے باز محمود اللہ بغیر کوئی سکور بنائے رنگنا ہیرتھ کی بال پر چندی مل کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان مشفیق الرحیم بیٹنگ کےلئے آئے اور انہوں نے محمد اشرفل کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، ان دونوں بلے بازوں نے بہترین بلے باز ی کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب سٹروکس کھیلے اور شائقین سے داد حاصل کی۔ دونوں کھلاڑیو ں نے اپنی اپنی سنچریاں بھی مکمل کیں۔
گال ٹیسٹ : مشفیق الرحیم‘ محمد اشرفل کی سنچریاں ‘ بنگلہ دیش کے 4 وکٹوں پر 438 رنز
Mar 11, 2013