لاہور (خصوصی نامہ نگار) سینیٹر کامران مائیکل، بشپ آف ایران اینڈ گلف ڈاکٹر آزاد مارشل، پاسٹر انور فاضل، عمانویل مانی اور پاسٹر لیاقت قیصر نے مسیحی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ یسوع مسیح اور بائبل مقدس کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے مذہبی رواداری، تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ںنے کہا ہمیں اپنے مذہب کی تعلیمات کے مطابق محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دینا ہے، امن و امان کی بحالی کیلئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کا ساتھ دینا ہے۔ بادامی باغ سانحہ کے متاثرین کو فی گھر پانچ لاکھ روپے امداد دی جائے گی، ان کی مکمل بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متاثرین کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا اور اپیل کی کہ وہ قانو ن کو اپنے ہاتھوں میں نہ لیں، قومی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں کیونکہ یہ ہم سب کا ملک ہے اور ہم سب پر اس کے شہری ہونے کی حیثیت سے یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنے وطن کا خوبصورت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں۔