لنڈی کوتل: مسجد کے قریب دھماکہ، بچی جاں بحق 3 زخمی، ایک بم ناکارہ بنا دیا گیا

پشاور (نوائے وقت نیوز+نیوز ایجنسیاں) خیبر ایجنسی میں لنڈی کوتل کے علاقے اشرف خیل میں مسجد کے قریب بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں ایک بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ 3افراد زخمی ہو گئے، بارودی مواد مسجد کے قریب ایک مکان کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے وقت نمازی بھی اسی مقام سے گزرتے ہیں تاہم خوش قسمتی سے نقصان نہیں ہوا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ایک زخمی کی حالت نازک ہے کسی گروپ نے دھماکہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے سرچ کرکے ایک بم برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا، 20 مشتبہ افراد گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیئے گئے۔ علاوہ ازیں پشاور میں مسجد بلال میں ہونے والے دھماکے کے دوسرے دن تمام بازار بند اور فضا سوگوار رہی ۔مینا بازار کے قریب محلہ باقر شاہ کی بلال مسجد میں ہونے والے دھماکے کے بعد شہر بھر میں تاجر برادری کی جانب سے یوم سوگ منایا گیا۔ مقامی تنظیم تاجران کی اپیل پرمسلم مینا بازار اور محلہ باقر شاہ کے تمام بازار بند رہے۔ بلال مسجد کو نمازیوں کےلئے کھول دیا گیا تاہم مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسجد کی خستہ حالت کے باعث اس کی تعمیر و مرمت کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن