میران شاہ (آن لائن+ اے ایف پی) شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں دو مبینہ شدت پسند جاں بحق ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ حملہ اتوار کی صبح ایجنسی کے صدر مقام میران شاہ سے چالیس کلومیٹر دور ویگان کے مقام پر ہوا۔ انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ڈرون نے پاک افغان سرحد کے قریب ایک گھوڑے پر سوار دو افراد کو نشانہ بنایا۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ حملے میں دونوں مبینہ شدت پسند موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حملے میں مارے جانے والے افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے تاہم مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق اس علاقے سے نہیں اور وہ غیر ملکی ہو سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ پاکستانی علاقے میں ہونے والے امریکی ڈرون حملوں پر پیدا ہونے والے تازہ تنازع کے بعد ہونے والا پہلا حملہ ہے۔ دو میزائل داغے گئے، حملے کے بعد ڈرون طیاروں کی پروازوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔